ہمیں محبت کرنے کا کوئی حق نہیں
کھانے کا بل ادا کرتے وقت
روٹیوں کی تعداد پوچھنے والوں کو محبت نہیں کرنی چاہیے
ہماری عمر میں محبت کرنے والوں کے لیے
خودکشی مستحب ہے
لیکن ہمیں کسی کی آنکھوں کی بجائے
دریا میں ڈوب کر مرنا چاہیے
ہمیں لطف اندوز ہونا چاہیے
مشت زنی سے
تاکہ مچھروں کی افزائشِ نسل نہ ہو سکے
ہمیں اپنی فرسٹریشن نکالنی چاہیے
گھر کے سامنے موجود جوہڑ کے منہ پر تھوک کر
یا بھیک مانگتے ہوئے بچوں کو جھڑک کر
جب ہم سگریٹ خریدنے کے لیے اپنی جیبیں ٹٹول رہے ہوں
آٹا لینے والوں کی قطار میں لگنے سے پہلے
بدکلامی کرنی چاہیے
اپنے آپ سے
اور بلند آواز سے گالی بکنی چاہیے
اپنی شناختی علامت کو
ہمیں محبت کرنے کا کوئی حق نہیں
ہمیں محبت نہیں کرنی چاہیے
محبت کرنے کے لیے
جیب میں ہونے چاہئیں
خواب آور گولیاں خریدنے کے پیسے
محبت کرنے کے لیے چاہئیں
موسم کے مطابق کپڑے
محبت کرنے کے لیے
معلوم ہونا چاہیے
ہر مہنگے ریستوران میں فیملی پورشن تک پہنچنے کا راستہ
محبت کرنے کے لیے چاہیے
بہت سارا وقت
ایک خوبصورت اور ہم خیال عورت
جو لوکل بس میں بھی سفر کر سکتی ہو
آفتاب عارض
No comments:
Post a Comment