Monday, 17 March 2025

کوئی مکاں ہو تو خود کو مکیں کریں ہم لوگ

 کوئی مکاں ہو تو خود کو مکیں کریں ہم لوگ

کسی قیاس پہ کیسے یقیں کریں ہم لوگ

تُو لا زوال نہیں ہے، فنا کی زد میں ہے

سو، ترک کس لیے دنیا و دیں کریں ہم لوگ

پلٹ کے دشت سے جانا محال ہے اپنا

اگرچہ لاکھ غمِ واپسیں کریں ہم لوگ

طلسم کار بہت، دلنشیں بہت سے ہیں

کسی کسی کو مگر ہم نشیں کریں ہم لوگ

پھر اس کے بعد شکایت بجا زمانے سے

شکن سے پاک تو اپنی جبیں کریں ہم لوگ

وہ گرگ ہو تو اسے آدمی بنا ڈالیں

وہ زہر ہو تو اسے انگبیں کریں ہم لوگ

حسن جمیل! یہاں ابر کھل کے برسے گا

گنہ سے پاک تو اپنی زمیں کریں ہم لوگ


حسن جمیل

No comments:

Post a Comment