Sunday, 30 March 2025

روش نہ حاکم اعلیٰ وہ اختیار کرے

 روش نہ حاکمِ اعلیٰ وہ اختیار کرے

جو مُنصفی کے تقدس کو تار تار کرے

ہے بدنصیبی کا یہ آخری مقام جہاں

عدو رذیل ہو اور عزتوں پہ وار کرے

جسے یہ لگتا ہے سب کچھ تو مل گیا ہے مجھے

وہ پاس بیٹھے خسارے مِرے شمار کرے

تھکے ہوئے ہیں یہ چوپال کے سبھی افراد

کہانی کار، کہانی میں اختصار کرے

کہا بھی تھا نہ کرے شب کے ہاتھ پر بیعت

جلے گا پھر سے دِیا🪔، تھوڑا انتظار کرے

دُکھے ہوئے ہیں تِری وجہ سے بہت سے دل

خدا تجھے بھی اذیت سے ہمکنار کرے


کومل جوئیہ

No comments:

Post a Comment