Thursday, 24 April 2025

جس دم ہوئی محسوس جدائی ترے در کی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


جس دم ہوئی محسوس جدائی تِرے در کی

تصویر نظر میں اُتر آئی تِرے در کی

بھاتی ہی نہیں اور کسی شے کی نظافت

تصویر ہے یوں دل میں سمائی تِرے در کی

یعطیک فترضیٰ" سے عیاں ہے یہ حقیقت"

اللہ تِرا ہے،. یہ خدائی تِرے در کی

فرمائی قسم اُس کے تقدس کی خدا نے

کیا اور کرے کوئی بڑائی تِرے در کی

تقدیر میں اُس کے یہ ازل سے ہی لکھا تھا

جس شخص نے پائی ہے رسائی تِرے در کی

پا جاؤں میں اِک جست میں معراج کریما

مل جائے اگر ناصیہ سائی تِرے در کی

بچپن سے سُنی بات تِرے شہر کی میں نے

بچپن سے مِلی مجھ کو گدائی تِرے در کی

مِلتی ہے تِرے در سے سلاطین کو بخشش

کھاتا ہے زمانہ یہ، کمائی تِرے در کی

ہو اِذن تو یہ ازہرِ بے زر مِرے مولا

تا عمر کرے مدح سرائی تِرے در کی


محمد اویس ازہر مدنی

No comments:

Post a Comment