Tuesday, 5 January 2016

جنوں کار فرما ہوا چاہتا ہے

جنوں کار فرما ہوا چاہتا ہے
قدم دشت پیماں ہوا چاہتا ہے
دمِ گریہ کس کا تصور ہے دل میں
کہ اشکوں سے دریا بہا چاہتا ہے
خط آنے لگے شکوہ آمیز ان کے
مِلاپ ان سے گویا ہوا چاہتا ہے
ابھی لینے پائے نہیں دم جہاں میں
اجل کا تقاضا ہوا چاہتا ہے
وفا شرطِ الفت ہے لیکن کہاں تک
دل اپنا بھی تجھ سا ہوا چاہتا ہے
غمِ رشک کو تلخ سمجھے تھے ہمدم
سو وہ بھی گوارا ہوا چاہتا ہے
بہت چین سے دن گزرتے ہیں حالی
کوئی فتنہ برپا ہوا چاہتا ہے

الطاف حسین حالی

No comments:

Post a Comment