عارفانہ کلام منقبت سلام مرثیہ نوحہ بر شہادت علی اکبر
کہتی تھی یہ ماں خوں بھری میت سے لپٹ کر
ہائے ہائے علی اکبر ہائے ہائے علی اکبر
ارماں تھا پہناؤں گی پوشاک شاہانی
افسوس کہ راس آئی نہ تجھ کو یہ جوانی
کیسا تھا مقدر ہائے ہائے علی اکبر
کہتی تھی یہ ماں
اتنا تو ذرا ٹھہرو تمہیں دولہا بنا لوں
بس اک جھلک سہرے کی صغریٰ کو دکھا لوں
بے چین تھی خواہر ہائے ہائے علی اکبر
کہتی تھی یہ ماں
اٹھارہ برس پال کے پروان چڑھایا
وہ گیسوؤں والا ہے میرا خون میں نہایا
یہ کیا ہوا دلبر ہائے ہائے علی اکبر
کہتی تھی یہ ماں
ماں تیری جدائی میں بھلا کیسے جیۓ گی
مر جائے گی صغریٰ جو خبر تیری سنے گی
اب کیا کروں جی کر ہائے ہائے علی اکبر
کہتی تھی یہ ماں
ٹھہرو کہ میں اٹھارہویں منت تو بڑھا دوں
پھر لے کے بلائیں تجھے جینے کی دعا دوں
صدقے ہو یہ مادر ہائے ہائے علی اکبر
کہتی تھی یہ ماں
پہلے تو اک آواز پہ اٹھ جاتے تھے بیٹا
اب اتنی صداؤں پہ بھی پہلو نہیں بدلا
کیا ہو گیا دلبر ہائے ہائے علی اکبر
کہتی تھی یہ ماں
تم ہچکیاں لے لے کہ جو دم توڑ رہے ہو
منہ ماں سے ہمیشہ کے لیے موڑ رہے ہو
کیوں روٹھے ہو دلبر ہائے ہائے علی اکبر
کہتی تھی یہ ماں
آئے جو ہمیں لوٹنے خیمے میں ستم گر
ماں دے گی صدائیں علی اکبر علی اکبر
چھن جائے گی چادر ہائے ہائے علی اکبر
کہتی تھی یہ ماں
جب کوئی جواں لاش نظر آتی ہے محشر
اک یاد سوئے کرب و بلا جاتی ہے محشرؔ
دل روتا ہے کہ کر ہائے ہائے علی اکبر
کہتی تھی یہ ماں
محشر لکھنوی
No comments:
Post a Comment