داغ اس بزم میں مہمان کہاں جاتا ہے
تیرا اللہ نگہبان، کہاں جاتا ہے
غیر کا شکوہ بھی ہوتا ہے تو کس لطف کے ساتھ
ان سے تعریف کا عنوان کہاں جاتا ہے
وہ بھی دن یاد ہیں یہ کہہ کے مناتے تھے مجھے
آ اِدھر، میں تِرے قربان، کہاں جاتا ہے؟
باغ فردوس میں حوروں نے بھی دل لوٹ لیا
جو ہے تقدیر کا نقصان کہاں جاتا ہے
پاؤں سے میرے بیابان کہاں چھٹتا ہے
ہاتھ سے میرے گریبان کہاں جاتا ہے
غیر جاتا تھا وہاں میں نے یہ کہہ کر روکا
تجھ سے کچھ جان نہ پہچان کہاں جاتا ہے
درِ فردوس سے ممکن ہے کہ دربان ٹل جائے
اس کے دروازے سے دربان کہاں جاتا ہے
ہجر کے دن کی مصیبت تو گزر جائے گی
وصل کی رات کا احسان کہاں جاتا
نہ کہا اس نے کہا مان کہاں جاتا ہے
بند کرتے ہو جو ہاتھوں سے تم آنکھیں میری
کیا کہوں میں کہ میرا دھیان کہاں جاتا ہے
بزم سے آنکھ چرا کر جو چلا میں تو کہا
ٹھہر، او چور بد اوسان کہاں جاتا ہے
آرزو وصل کی ہوتی ہے سوا بعد وصال
جان جاتی ہے یہ ارمان کہاں جاتا ہے
داغ تم نے تو بڑی دھوم سے کی تیاری
آج یہ عید کا سامان کہاں جاتا ہے
داغ دہلوی
No comments:
Post a Comment