Tuesday, 12 January 2021

موت درکار ہے شاعر کی پذیرائی کو

 موت درکار ہے شاعر کی پذیرائی کو

بعد مرنے کے نگینے کا پتہ چلتا ہے

کیا بتاؤں میں تمہیں اہلِِ قلم کی قسمت

ان کو مرنے پہ ہی جینے کا پتہ چلتا ہے

جان لیتی ہے مِرا حال مجھے تکتے ہی

میری ماں کو مِرے چہرے کا پتہ چلتا ہے

گھر کی دیواروں پہ تحریر تو یہ ہوتا نہیں

بس سلیقے سے گھرانے کا پتہ چلتا ہے

پست لوگوں کے بھی ہو سکتے ہیں مدفن اونچے

مقبرے سے کہاں شجرے کا پتہ چلتا ہے

میری نظروں میں وہ انسان ہے انساں واصف

جس کو ہمسائے کے فاقے کا پتہ چلتا ہے


جبار واصف

No comments:

Post a Comment