Monday, 4 January 2021

جب بھی تلوار کو سوچوں ترے ابرو کی طرح

 جب بھی تلوار کو سوچوں تِرے ابرو کی طرح

شوق چھُونے کو بڑھا جائے مہم جو کی طرح

لوگ پڑھ لیں گے نگاہوں سے ہی دل کے احوال

پونچھ لے آنکھ سے تسکین بھی آنسو کی طرح

اپنا سب کچھ تِری چاہت کے حوالے کر کے

دور بستی سے نکل جاؤں گا سادھو کی طرح

عزتِ نفس نے ہر وقت مِرا ساتھ دیا

پیار میں بھیک نہ مانگی کسی بھکشو کی طرح

خط ضرور اس نے مجھے چوم کے لوٹائے ہیں

ورنہ الفاظ چمکتے نہیں جگنو کی طرح

میرے اطراف پراسرار سا ماحول ہے کیوں

چھُو گیا آج مجھے کون یہ جادو کی طرح


خواجہ ثقلین

No comments:

Post a Comment