Friday, 8 January 2021

بڑھاپا خوب صورت ہے

 بڑھاپا خوب صورت ہے


کسی کو آپ کے بالوں کی چاندی سے محبت ہو

کسی کو آپ کی آنکھوں پہ اب بھی پیار آتا ہو

لبوں پر مسکراہٹ کے گلابی پھول کھل پائیں

جبیں کی جُھریوں میں روشنی سمٹی ہوئی تو

بڑھاپا خوبصورت ہے


شکن آلود ہاتھوں پر دمکتے ریشمی بوسے

سعادت کا، عقیدت کا، تقدس کا حوالہ ہوں

جوانی یاد کرتا دل اداسی کا سمندر ہو

اداسی ﮐﮯ سمندر میں کوئی ہمراہ تَیرے تو

بڑھاپا خوبصورت ہے


ذرا سا لڑکھڑائیں تو سہارے دوڑ کر آئیں

نئے اخبار لا کر دیں، پرانے گیت سنوائیں

بصارت کی رسائی میں پسندیدہ کتابیں ہوں

مہکتے سبز موسم ہوں، پرندے ہوں، شجر ہوں تو

بڑھاپا خوب صورت ہے


پرانی داستانیں شوق سے سنتا رہے کوئی

محبت سے دل و جاں کی تھکن چنتا رہے کوئی

ذرا سی دھوپ میں حدت بڑھے تو چھاؤں مل جائے

برستے بادلوں میں چھتریاں تن جائیں سر پر تو

بڑھاپا خوب صورت ہے


جنہیں دیکھیں تو آنکھوں میں ستارے جگمگا اٹھیں

جنہیں چومیں تو ہونٹوں پر دعائیں جھلملا اٹھیں

جواں رشتوں کی دولت سے اگر دامن بھرا ہو تو

رفیقِ دل، شریکِ جاں برابر میں کھڑا ہو تو

بڑھاپا خوب صورت ہے


حمیدہ شاہین

No comments:

Post a Comment