Tuesday, 12 January 2021

دل کی ہر بات مان لی ہم نے

دل کی ہر بات مان لی ہم نے

تجھ کو پانے کی ٹھان لی ہم نے

شہر کی وحشتوں سے گھبرا کر

چادرِ دشت تان لی ہم نے

ایک دُوجے سے چاہتوں کے عِوض

عمر بھر کی تھکان لی ہم نے

بیچ کر دشمنوں کو سارے تیر

ایک خالی کمان لی ہم نے

شاید اک روز اس میں دب جائیں

کوئلے کی جو کان لی ہم نے

جب تماشے کو گرم ہونا تھا

مہلت اک درمیان لی ہم نے

لوگ جگنو پکڑ نہ پائے جب

اڑ کے اک کہکشان لی ہم نے

آفتیں روز کر رہی ہیں سلام

غم کی گویا دُکان لی ہم نے

شب اسے بھولنے کی کوشش کی

تھک کے اپنی ہی جان لی ہم نے

ہو کے غالب سے آشنا فرحت

پھر نشاط زبان لی ہم نے


فرحت حسنی

No comments:

Post a Comment