Monday, 8 February 2021

نہیں کہ حق میں کوئی بھی دلیل تھی ہی نہیں

 نہیں کہ حق میں کوئی بھی دلیل تھی ہی نہیں 

مِرے وکیل میں خُوئے وکیل تھی ہی نہیں

سزائے سخت یقینی تھی میرے مُنصف کی

ستم شعار طبیعت عدیل تھی ہی نہیں

میں اس کو دل میں تو داخل نہ ہونے دیتا مگر

کُھدی نہ تھی کوئی خندق، فصیل تھی ہی نہیں 

عجیب خواب تھا پریاں جہاں اترتی تھیں 

کُھلی جو آنکھ تو باقی وہ جھیل تھی ہی نہیں 

تم آئے ہو تو دھڑکنے لگا ہے دل ورنہ

بدن میں روح تو جیسے دخیل تھی ہی نہیں 

ہدف نہیں تھی کبھی منزلِ ہوس راجا 

وہ رِہگزر تو وگرنہ طویل تھی ہی نہیں


احمد رضا راجا

No comments:

Post a Comment