Saturday, 20 March 2021

جو انسان کو جینے کا انداز سکھاتا ہے

اسلام کی عظمت 


جو انسان کو جینے کا انداز سکھاتا ہے

سانسوں کی آمد کا گہرا راز بتاتا ہے

جو یہ کہتا ہے دنیا کیسے ایجاد ہوئی

اک غلطی سے خارج آدم کی فریاد ہوئی

جو یہ کہتا ہے دنیا کو ایک سزا سمجھو

اپنے ہونے میں اللہ کی صرف رضا سمجھو

جو یہ کہتا ہے جو کچھ بھی ہے وہ فانی ہے

کہتے ہیں ہم جسے قیامت، وہ تو آنی ہے

کیسے ہوتی صبح، کیسے شام بناتا ہے

وہ ہے سچا مذہب جو اسلام بتاتا ہے

جہاں برائی ختم، شروع اسلام وہاں سے ہے 

اپنے بندوں کو اس کا پیغام وہاں سے ہے

اک مکمل جس نے یہ قانون بنایا ہے

اس نے اپنے بندوں کو ہر گام سکھایا ہے

کیسے جینا ہے تم کو اور کیسے مرنا ہے

اس دنیا میں رہ کر کیا کرنا نہ کرنا ہے

ہر اچھی باتوں کا حکم جو ہم کو دیتا ہے

اور آخرت بن جائے یہ دین ہی ایسا ہے

جو انسان کو ایک کامل انسان بناتا ہے

وہ ہے سچا مذہب جو اسلام بتاتا ہے 

آج جہاں میں دیکھو، توہر اور برائی ہے

اور نیکی سے بدی کی گھنگور لڑائی ہے

انسان نے دولت کو اپنا دھرم بنایا ہے 

اور گناہوں کو ہی اپنا کرم بنایا ہے

کس کو ہے پروا فرائض اور اصولوں کی

دنیا یاد رہی ہر بات وہ بھولے نبیوں کی

ذات پات میرا تیرا دنگے اور مارا ماری 

ارے فیصلے کے دن کی بھی کر لو تیاری 

اک راستہ ہے جو جنت کی راہ دکھاتا ہے

وہ ہے سچا مذہب جو اسلام بتاتا ہے

دنیا میں آئے ہو تو انسان بنو پہلے

جس کی امت میں ہو، اس کی راہ چلو پہلے

اس کی فرماں برداری کا نام محبت ہے

یہی عقیدہ کہلائے اور، یہی عبادت ہے

بید ہو یا توریت ہو کہ انجیل ہویا قرآن 

لیکن دین فطرت دین قیم ایک ہے ہاں

وہ کہ جو ایمان نہیں لائے، پچھتائیں گے

جب دوزخ کی تکلیفوں کو سہہ نہ پائیں گے

جو سچا ایمان یقین اور علم بڑھاتا ہے

وہ ہے سچا مذہب جو اسلام بتاتا ہے

جو حضرت نوحؑ پر اترا اسلام وہی تو ہے

آپ محمدﷺ تک جو پہنچا اسلام وہی تو ہے 

ذکر ہے جس کا ویدوں میں اسلام وہی تو ہے

اور قرآن کی سورتوں میں اسلام وہی تو ہے

جو سمجھا یا نبیوں نے اسلام وہی تو ہے

دی اصلاح حدیثوں نے اسلام وہی تو ہے

جو ایمان مجمل ہے اسلام وہی تو ہے

اورایمان مفصل ہے اسلام وہی تو ہے

جو کلمہ طیب پہلے پہل پڑھاتا ہے

وہ ہے سچا مذہب جو اسلام بتاتا ہے

میں نے سوچا بت کو پوجوں روح نہیں مانی 

اِس کو پوجوں اُس کو پوجوں کیا ہے من مانی

دولت پوجا، کرسی پوجا اور لہو پوجا

پتھر پوجا، گھر کو پوجا اور پشو پوجا

جو کچھ ہے بس ایک وہی، بس ایک وہی ناداں

 انساں کو بھگوان سمجھنا ہے اس کا اپمان 

اس سے بہتر ہے کہ تم خود کو پہچانو

بدی گناہوں سے بچ جاؤ بات میری مانو

جس کے ذریعے انسان آج دعائیں پاتا ہے

وہ ہے سچا مذہب جو اسلام بتاتا ہے

اس مذہب میں دنیا کا ہر راز نمایاں ہے

جینے سے مرنے تک کا ہر طور بتایا ہے

ہے پابندی کلموں اور نمازوں کی 

حج لازم ہے اور لکھی فہرست زکوٰتوں کی

انسان کے ہر ایک عمل کی خاص دعائیں ہیں

اک اک سورة میں مالک کی خاص شعائیں ہیں

 جیسے ماں بچے کو اچھی بات سکھاتی ہے

عقلی ہوئی توحید سمجھ، ایمان بناتی ہے

اور ہدایت جس کو دے مالک وہ پاتا ہے

وہ ہے سچا مذہب جو اسلام بتاتا ہے

اس میں ہے تہذیب ،صداقت اور وفاداری

 گھونگھٹ آنچل، نیکی، لجا اور پردہ داری

عزت غیرت ایک سلیقہ اور بھلائی ہے

مضبوطی بہبودی ظاہر صرف خدائی ہے

یہ تو بس اعمال، ادب، اخلاق، نفاست ہے

شرک نہیں ہے، کفر نہیں ہے، صرف اطاعت ہے

بڑے بزرگوں کی عزت، ماں والد کا سمّان 

بچوں کو بچپن سے دکھلاتے راہِ قرآن

اس لیے یہ دھرم حیا کے دل کو بھاتا ہے 

ہے سچا مذہب جو اسلام بتاتا ہے


لتا حیا

No comments:

Post a Comment