Saturday, 20 March 2021

کڑی ہی دھوپ تھی سایہ نظر نہیں آیا

 کڑی ہی دھوپ تھی سایہ نظر نہیں آیا

ہماری راہ میں کوئی شجر نہیں آیا

ہمیں تو فیض کسی گام پر کبھی نہ ملا

لگائے پیڑ تو اُن پر ثمر نہیں آیا

خدا سے اپنے لیے جس کو ہم نے مانگا تھا

اسی کو ہم سے وفا کا ہنر نہیں آیا

وہ ایک شخص کہ جس کو بھُلا سکے نہ کبھی

وہ میرے دل کا مکیں لوٹ کر نہیں آیا

اسی نے میرے یقیں کو دیا بڑا دھوکہ

جو خود کو کہتا رہا؛ ہم سفر نہیں آیا

ذرا سی بھول کی کیسی سزا ملی ہے مجھے

بہت تلاشا، مگر اپنا گھر نہیں آیا

زمانہ سارا شگفتہ کو پوچھنے آیا

بس ایک وہ ہی رہا بے خبر نہیں آیا


شگفتہ شفیق

No comments:

Post a Comment