Friday, 11 June 2021

سمندر پیاس کیسے بجھائے

عورت


سمندر

پیاس کیسے بجھائے

کہ وہ تشنگی کا دوسرا

لفظ ٹھہرا

اسی لیے سمندر نے

کسی کی پیاس اب تک

بجھانے کا دعویٰ نہیں کیا ہے

مگر وہ ذات میں اپنی بڑا ہے

بہت پر آب ہے

پر یہ سچ ہے

حقیقت میں

وہ بے معنی بہت ہے

بظاہر بے کراں موجوں کو

اپنی گود میں لے کر

رواں ہے بے قراری سے

مگر کہتا نہیں ہے درد اپنا

سدا ان شوخ موجوں کا ہمدم

ہے ان کا ہم قدم

ان کا نگہباں

وہ خود ڈرا سہما ہوا ہے

سمندر کا جنم شاید نہیں ہے

کہ وہ سیراب کر دے تشنگاں کو

ہے اس کے مثل عورت کی فطرت

سمندر اور عورت کی کہانی

ہے اک جیسی زمانے میں ازل سے

ہزاروں غم کو پی لیتی ہے عورت

مگر شکوہ نہیں کرتی

اسی لیے تو سمندر اور عورت

نظر آتے ہیں بالکل ایک جیسے

ستم سہتی ہے وہ زریاب اکثر

مگر کہتی نہیں کچھ بھی زباں سے

ہے یہی عورت کی خصلت

یہی ہے اس کی عظمت


ہاجرہ نور زریاب 

No comments:

Post a Comment