لکھنا نہیں آتا تو مِری جان! پڑھا کر
ہو جائے گی تیری مشکل آسان پڑھا کر
پڑھنے کے لیے تجھ کو اگر کچھ نہ ملے تو
چہروں پہ لکھے درد کے عنوان پڑھا کر
اللہ نے کیا کیا تجھے نعمت نہیں بخشی
فرصت جو ملے؛ سورۂ رحمان پڑھا کر
لا ریب، تِری روح کو تسکین ملے گی
تُو کرب کے لمحات میں قرآن پڑھا کر
پیدا ہو تِرے بحر کی موجوں میں تلاطم
تُو شاعرِ مشرق کے بھی دیوان پڑھا کر
آ جائے گا آصف تجھے جینے کا قرینہ
تُو سیدِ کونینﷺ کے فرمان پڑھا کر
آصف راز
No comments:
Post a Comment