عارفانہ کلام نعتیہ کلام
جن کا ہے طیبہ مقام، انﷺ پہ درود اور سلام
جو ہیں رسولِ انامﷺ، ان پہ درود اور سلام
حامئ عالم ہیں وہﷺ، ہادئ اعظمﷺ ہیں وہ
کیوں نہ کہیں خاص و عام، ان پہ درود اور سَلام
جو ہیں حبیبﷺ خدا، جو ہیں شہِ دو سراﷺ
جن کی ہے دنیا غلام، ان پہ درود اور سلام
جن کے ہیں یہ دوجہاں، جن کے ہیں کون و مکاں
جن کے ہیں یہ صبح و شام، ان پہ درود اور سلام
مالکِ جن و بشر، باعثِ نورِ قمر
میم سے ہے جن کا نام، ان پہ درود اور سلام
زائر ارضِ رسولﷺ، التجا کر لے قبول
اتنا ہے میرا پیام، ان پہ درود اور سلام
روتا ہوں بہزاد میں، کرتا ہوں فریاد میں
بھیجتا ہوں صبح و شام، ان پہ درود اور سلام
بہزاد لکھنوی
No comments:
Post a Comment