Friday, 4 February 2022

وہ دن بھی تھے یہ دن بھی ہیں

 وہ دن بھی تھے


وہ دن بھی تھے

ہوا رنگوں کی خوشبو سے ہمارا نام لکھتی تھی

دعا آنگن میں آتی تھی تو ہر سُو روشنی سی پھیل جاتی تھی

بدن کے منطقے میں خواب کے موسم سدا شاداب رہتے تھے

گلابوں کی لطافت سوچ پر آ کر اترتی تو

یہاں پر لفظ کھلتے تھے

وہ دن بھی تھے

کہ ہم ہر شام اک مہتاب بن کر یوں دمکتے تھے

یہ صحرا چاندنی کو گنگناتا تھا

ہمارے گیت کی لے پر

سمندر جھوم جاتا تھا

وہ دن بھی تھے

یہ دن بھی ہیں

ہوا میں راکھ اڑتی ہے یہاں اک بے نشانی کی

فضا پر راٸیگانی کے اندھیرے راج کرتے ہیں

کچھ ایسے گمشدہ ہیں کہ

خود اپنے نام کے حرفوں کو ہم ترتیب دینا بھول جاتے ہیں


ازہر ندیم

No comments:

Post a Comment