Friday, 4 February 2022

دلوں میں خوف کے چولھے کی آگ ٹھنڈی ہو

 دلوں میں خوف کے چولھے کی آگ ٹھنڈی ہو

کبھی نہ ملنے ملانے کی آگ ٹھنڈی ہو

ہم ایک ساتھ اُٹھا لائے تھے یہ ہجر کی آگ

خدا کرے، تِرے حصے کی آگ ٹھنڈی ہو

پگھل رہے ہیں ہم اک فاصلے پہ بیٹھے ہوئے

گلے لگو کہ یہ سینے کی آگ ٹھنڈی ہو

پکارتا ہے مجھے کیوں ابھی سے دوسرا عشق

ابھی تو فکر ہے، پہلے کی آگ ٹھنڈی ہو

میں اس لیے بھی تِری ہاں میں ہاں ملاتا رہا

کسی طرح تِرے لہجے کی آگ ٹھنڈی ہو

مِرے حریف سے کہہ دو، اسے معاف کیا

میں چاہتا ہوں کہ بدلے کی آگ ٹھنڈی ہو


عامر لیاقت

No comments:

Post a Comment