Friday, 18 February 2022

جلی حرفوں فصیلوں پر لکھا کچھ اور کہتا ہے

 جلی حرفوں فصیلوں پر لکھا کچھ اور کہتا ہے

مگر اندر سے شہرِ بے صدا کچھ اور کہتا ہے

وہ منظر ہے کہ آنکھوں پر کسی صورت نہیں کُھلتا

ہوا کچھ اور کہتی ہے دِیا کچھ اور کہتا ہے

فضا شفاف ہے اور پر کھلے ہیں فاختاؤں کے

مگر یہ خاک و خوں کا معرکہ کچھ اور کہتا ہے

یہاں لوگوں کے خد و خال اجلے ہیں مگر پھر بھی

مجھے میری نظر کا آئینہ کچھ اور کہتا ہے

سفر کی سمت کا کوئی تعین ہو تو کیسے ہو

غبارِ کارواں کچھ، راستہ کچھ اور کہتا ہے

گھنی چھاؤں کی خواہش تو بہت رکھتے برہنہ پا

مگر یہ جبر کا دشتِ بلا کچھ اور کہتا ہے

تغاوت ہی کچھ ایسا ہے یہاں لفظ و معانی میں

طلب کچھ اور، مضمونِ دعا کچھ اور کہتا ہے

یہاں اطہر کئی ان مِٹ جہاں آباد ہیں لیکن

شجر پر ہے جو خالی گھونسلہ کچھ اور کہتا ہے


ممتاز اطہر

No comments:

Post a Comment