Sunday, 6 February 2022

ہوا کی نبض اگرچہ ملنگ پکڑے گا

 ہوا کی نبض اگرچہ ملنگ پکڑے گا

چراغِ عشق بھی لَو کی اُمنگ پکڑے گا

عبث ہے آبلہ پائی کی رنگ آمیزی

یہ عشق خون کے اشکوں سے رنگ پکڑے گا

میں پھول چُنتا رہا باغ باغ جس کے لیے

خبر کہاں تھی وہ ہاتھوں میں سنگ پکڑے گا

بہ فضلِ عِجز تجھے جذب کی نمو ملے گی

تُو رفتہ رفتہ فقیری کے ڈھنگ پکڑے گا

مکین کوئی نہ ہوگا تمہارے بعد یہاں

مکانِ دل پہ پڑا قُفل زنگ پکڑے گا

تُو مُبتلا ہے جو آزارِ خود نمائی میں

سو آئینہ بھی تجھے انگ انگ پکڑے گا

وہ عہد ایسے محبت میں لے گا مجھ سے حسن

کہ میرے پاؤں کی زنجیر تنگ پکڑے گا


عطاءالحسن

No comments:

Post a Comment