عارفانہ کلام نعتیہ کلام
کیا پوچھتے ہو مجھ سے کہ نیت کدھر کی ہے
دنیا میں ہے جو دھوم تو طیبہ نگر کی ہے
روزِ جزا میں پائے یہ شاہِ اُممﷺ کی دید
یہ آرزو ازل سے ہماری نظر کی ہے
رکھتے ہیں آسرا سبھی جانے کی جس جگہ
خواہش ہمارے دل میں اسی پاک در کی ہے
اس رہگزارِ شوق کے ہم بھی ہیں راہرو
جس عاشقی میں آبرو دامانِ تر کی ہے
دنیا میں اس طرح کی نہیں ہے کوئی مثال
وہ شان جو مدینے کی شام و سحر کی ہے
رب سے دعا بھی کیجئے رکھ کر یہی خیال
شاہِ اُممﷺ کے ہاتھ میں کنجی اثر کی ہے
سیدھے کہ وہ جو جاتی ہو طیبہ نگر کی سمت
میری تلاش آج بھی اس رہگزر کی ہے
تقدیر سے وہ دیکھ لے طیبہ نگر عظیم
دل میں اگر کسی کے، تمنا سفر کی ہے
عظیم انصاری
No comments:
Post a Comment