Wednesday, 9 February 2022

دوزخ بھی کیا گمان ہے جنت بھی ہے فریب

 دوزخ بھی کیا گمان ہے جنت بھی ہے فریب

ان وسوسوں میں میری عبادت بھی ہے فریب

دریا و دشت اور سمندر بھی ہیں سراب

دن کا اجالا رات کی ظلمت بھی ہے فریب

تیرا ہر اک خیال بھی اک خوش نما گمان 

دنیا ہی کیا خود اپنی حقیقت بھی ہے فریب

پرچھائیں کے سوا تو نہیں ہیں ہم اور کچھ

یہ رنگ و نور اور یہ نکہت بھی ہے فریب

روز ازل کا لمحۂ موجود بھی ہے عکس

یعنی گزرتے وقت کی ساعت بھی ہے فریب

وہم و گماں کے سائے ہیں سورج بھی چاند بھی 

اندھی ہے سوچ اور بصارت بھی ہے فریب

ہے یہ نگار خانہ جو خواب و خیال سا 

اس آئینے میں میری یہ صورت بھی ہے فریب 


عارف شفیق

No comments:

Post a Comment