Monday, 12 September 2022

جدا اس جسم سے ہو کر کہیں تحلیل ہو جاتا

 جدا اس جسم سے ہو کر کہیں تحلیل ہو جاتا

فنا ہوتے ہی لافانی میں میں تبدیل ہو جاتا

مِرے پیچھے اگر ابلیس کو آنے نہ دیتا تو

سراپا میں تِرے ہر حکم کی تعمیل ہو جاتا

جو ہوتا اختیار اپنے مقدر کو بدلنے کا

تمناؤں کی میں اک صورتِ تکمیل ہو جاتا

مجھے پہچان کر کوئی زمانے کو بتا دیتا

تو مثل نکہتِ گلزار میں ترسیل ہو جاتا

کرشمہ یہ بھی ہو جاتا تِرے ادنیٰ تعاون سے

مجھے تُو سوچتا تو میں تِری تخئیل ہو جاتا

زمیں پیاسی ضمیر انسان بھی پیاسے نہیں رہتے

اگر دریا میں بن جاتا اگر میں جھیل ہو جاتا


ضمیر اترولوی

No comments:

Post a Comment