Friday, 2 May 2025

دلوں میں جذبۂ نفرت ہے کیا کیا جائے

 دلوں میں جذبۂ نفرت ہے کیا کیا جائے

زباں پہ دعویٔ الفت ہے کیا کیا جائے

ہزار قسم کے الزام سن کے بھی چپ ہیں

ہمارا جرم شرافت ہے کیا کیا جائے

نہ دشمنوں سے عداوت نہ دوستوں کا لحاظ

اسی کا نام صداقت ہے کیا کیا جائے

ہمارے سینے میں پتھر نہیں ہے اے لوگو

ہمیں بھی پاس محبت ہے کیا کیا جائے

دوکان علم و ہنر کیوں سجا نہ لے کوئی

یہ راز عزت و شہرت ہے کیا کیا جائے

بدل کے دیکھے بھی اسلوب تشنگی نہ گئی

دل و نظر کی حکایت ہے کیا کیا جائے

میں خود خلوص سے اپنے بہت پریشاں ہوں

اب اس کی کس کو ضرورت ہے کیا کیا جائے

زمانہ سازی کو دنیا ہنر کہے لیکن

جب اس خیال سے نفرت ہے کیا کیا جائے


رفیق بدایونی

No comments:

Post a Comment