Saturday, 11 July 2020

میں نے زندگی ڈوبتے سورج سے سیکھی ہے

میں نے زندگی ڈوبتے سورج سے سیکھی ہے

کوئٹہ میں شام ہزاروں رنگ لیے ڈھلتی ہے
سرمئی، سرخ ، مالٹائی، اودی، دھانی اور جامنی رنگوں کا فیوژن
آسمانی رنگ کو اور گہرا کر دیتا ہے
یوں لگتا ہے دھنک پھیل کر چھتوں پر گرنے لگی ہے
پرندوں کی آخری اڑانوں کی سرمستی ہی اور ہوتی ہے
گلابی منظر کی موسیقی ماحول کو اور خواب ناک کر دیتی ہے
سورج پھسل کر جب چِلتن سے نیچے گر جاتا ہے
تو زرغون، مردار اور تکتو آسمان کو اپنے کندھوں پر اٹھا لیتے ہیں
آسمان کی ململی چادر تینوں اطراف سے ڈھلکنے لگتی ہے
میں ہوا کی تاروں پر انگلیاں رکھتی ہوں تو سرمدی ستار بجنے لگتا ہے
پرندے جاتے جاتے کچھ آیتیں فضا میں چھوڑ جاتے ہیں
آخری دستخط ہوتے ہی
سیاہی کی بوتل الٹ دی جاتی ہے
الوہی کوڈز مغرب کی اذانوں میں کھلتے ہیں

قندیل بدر

No comments:

Post a Comment