Sunday, 4 October 2020

ابھی اک کام نمٹانا ہے مجھ کو

 ابھی اک کام نمٹانا ہے مجھ کو

کسی کو دل میں دفنانا ہے مجھ کو

تُو میرا درد سننے آیا ہے؟ یا

تجھے بھی صرف سمجھانا ہے مجھ کو

وہ اٹھ کے چل دیا، تو یاد آیا

اسے کچھ اور بتلانا ہے مجھ کو

کسی کی آنکھ کیوں پتھر ہوئی ہے

کسی کو یہ بھی دکھلانا ہے مجھ کو

بچھڑنے میں ابھی کچھ پل ہیں باقی

پھر اس کے بعد گھبرانا ہے مجھ کو

کسی کے درد پہ لکھ لکھ کے نظمیں

تو کیا اس پہ بھی اِترانا ہے مجھ کو؟

میں زندہ ہوں، مگر کب جی رہی ہوں

یوں پھر اک روز مر جانا ہے مجھ کو


مالا راجپوت

No comments:

Post a Comment