Sunday, 4 October 2020

ہوا کے دوش پہ اڑتے ہوئے غبارے لوگ

 ہوا کے دوش پہ اڑتے ہوئے غبارے لوگ

گھمنڈ کرتے ہیں کس بات پر یہ سارے لوگ

تعلقات میں کچھ احتیاط لازم ہے

ہمارے آپ کے جیسے نہیں ہیں سارے لوگ

یہ فیصلہ بھی مِرے ہی خلاف ہونا تھا

مِرے ہی نام پہ اک ساتھ کیوں پکارے لوگ

وہ جن کے نُور سے روشن ہے کائنات تمام

زمیں پہ ٹوٹتے دیکھے ہیں وہ ستارے لوگ

خود آئینے میں اترتے ہیں ٹوٹ جاتے ہیں

خود اپنے آپ سے لڑتے، انا کے مارے لوگ

سبھی نگاہوں میں حدت ہے جلتے سورج کی

کہاں چلے گئے، وہ چھاؤں سے، ہمارے لوگ

کہاں سمجھتے ہیں دیوانے خود کو دیوانے

ہیں اپنے زعم میں خوش، وحشتوں کے مارے لوگ

کہا نہیں تھا مصیبت میں چھوڑ دیں گے ساتھ

ہیں صرف نام کے اپنے، یہ سب تمہارے لوگ

"وہ جن کو دیکھ کے ہو جائے زندگی سے عشق"

کہیں تو کاش ہمیں بھی ملیں وہ پیارے لوگ

کسی بھی ڈوبنے والے کے پاس ناؤ نہ تھی

سو اپنے ساتھ بہا لے گئے کنارے لوگ

تمہیں قبول ہے سیما تو ہو یہ پسپائی

ہیں صرف جیتنے والے یہاں تو سارے لوگ


سیما نقوی

No comments:

Post a Comment