اپنی سانسوں کے مہکتے ہوئے دالان میں رکھ
میرا مطلب ہے تو کچھ روز مجھے دھیان میں رکھ
قریۂ قلب و نظر چھوڑ کے جانے والے
خاک ہوتے ہوئے پیکر کو بھی سامان میں رکھ
یا تو اے ربِ سخن مجھ پہ اتر حرف بہ حرف
یا پھر اک عمر مجھے آتشِ وجدان میں رکھ
عشق میں دیکھے گئے یار سبھی خوابوں کو
اب سرِ طاق نہیں سورۂ رحمان میں رکھ
اس محبت سے مجھے کچھ نہیں لینا دینا
صاحبِ عشق مجھے اپنے غلامان میں رکھ
مرزا غالب نے کہا مجھ سے غزل کی مٹی
آبیاری کے لیے میر کے دیوان میں رکھ
ندیم ناجد
کمال است
ReplyDeleteالسلام علیکم جاوید صاحب، آپ کو رنگ اردو بلاگ پر خوش آمدید کہتا ہوں، کلام کی پسندیدگی کا شکریہ۔
ReplyDelete