Monday, 21 June 2021

ایسی تنہائی کہ دشمن ہے نہ محرم کوئی

 ایسی تنہائی کہ دشمن ہے نہ محرم کوئی

جس جگہ میں ہوں نہیں دوسرا آدم کوئی

ہم تِرے لمس کے مہکائے ہوئے ہیں، ورنہ

کاغذی پھول ہیں، خوشبو نہیں پیہم کوئی

میں تِری سوچ پہ ہنس سکتا ہوں، لیکن دکھ ہے

مسکرانے کا مہینہ ہے محرّم کوئی؟

ہجر کا گھاؤ مِرے دل میں ابھی تازہ ہے

ڈھونڈتا پھرتا ہوں اس زخم کا مرہم کوئی

روز اک طاق میں جلتا ہے دِیا یادوں کا

روز کرتا ہے تِرے نام پہ ماتم کوئی

زندگی ایسے مِرے ساتھ خفا رہتی ہے

جیسے بگڑے ہوئے بچے پہ ہو برہم کوئی

ایک دریا ہے، تِرے خواب ہیں، کچھ یادیں ہیں

کاسۂ چشم میں آباد ہے عالم کوئی


بہنام احمد

No comments:

Post a Comment