Tuesday, 15 June 2021

اس سمے کوئی نہیں میری نگہبانی پر

اس سمے کوئی نہیں میری نگہبانی پر

یہ گھڑی سخت کڑی ہے تِرے زندانی پر

با خبر کر کے رہ عشق کی مشکل سے تجھے

فیصلہ چھوڑ دیا ہے تری آسانی پر

نہ ہوا اور نہ مٹی پہ کبھی ہو پایا

جو بھروسا ہے مجھے بہتے ہوئے پانی پر

میں ابھی پہلے خسارے سے نہیں نکلا ہوں

پھر بھی تیار ہے دل دوسری نادانی پر

کسی بھی وقت بدل سکتا ہے لمحہ کوئی

اس قدر خوش بھی نہ ہو میری پریشانی پر

ختم ہونے کو ہیں اشکوں کے ذخیرے بھی جمال

روئے کب تک کوئی اس شہر کی ویرانی پر


جمال احسانی

No comments:

Post a Comment