Tuesday, 7 December 2021

صدیوں کے اندھیرے میں اتارا کرے کوئی

 صدیوں کے اندھیرے میں اتارا کرے کوئی

سورج کو کسی روز ہمارا کرے کوئی

اک خوف سا بس گھومتا رہتا ہے سروں میں

دنیا کا مِرے گھر سے نظارا کرے کوئی

رنگوں کا تصور بھی اڑا آنکھ سے اب تو

اس شہر میں اب کیسے گزارا کرے کوئی

یوں درد نے امید کے لڑ سے مجھے باندھا

دریاؤں کو جس طرح کنارا کرے کوئی

ایندھن سے ہوا جن کے سفر چاند کا ممکن

ان کے بھی تو چولہے کو سنوارا کرے کوئی

راتوں کی حکومت میں مِرے خواب کا تارا

جینے کے لیے جیسے اشارا کرے کوئی

یہ آج بھی اپنا ہے فقیہ اس کا بھی سوچو

کس تک یونہی یادوں کو سہارا کرے کوئی


احمد فقیہ

No comments:

Post a Comment