Friday, 16 September 2022

ذات کے کرب کو لفظوں میں دبائے رکھا

ذات کے کرب کو لفظوں میں دبائے رکھا

میز پر تیری کتابوں کو سجائے رکھا

تُو نے اک شام جو آنے کا کیا تھا وعدہ

میں نے دن رات چراغوں کو جلائے رکھا

کس سلیقے سے خیالوں کو زباں دے دے کر

مجھ کو اس شخص نے باتوں میں لگائے رکھا

میں وہ سیتا کہ جو لچھمن کے حصاروں میں رہی

ہم وہ جوگی کہ الکھ پھر بھی جگائے رکھا

شاید آ جائے کسی روز وہ سجدہ کرنے

اسی امید پہ آنچل کو بچھائے رکھا

چوڑیاں رکھ نہ سکیں میری نمازوں کا بھرم

پھر بھی ہاتھوں کو دعاؤں میں اٹھائے رکھا

جانے کیوں آ گئی پھر یاد اسی موسم کی

جس نے شبنم کو ہواؤں سے بچائے رکھا


رفیعہ شبنم عابدی

No comments:

Post a Comment