Sunday, 11 June 2023

یہ دھوپ ہوا ابر گھٹا جھوم رہی ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


یہ دھوپ ہوا ابر گھٹا جھوم رہی ہے

رقصاں ہے کرن باد صبا جھوم رہی ہے

ہونٹوں پہ مسرت کی دعا جھوم رہی ہے

عالم میں کوئی بگڑی ہوئی بات بھی ہے

وہ فاطمہؑ کا لال حسینؑ ابن علیؑ ہے


وہ جس کا لہو رنگ حنا ہوگیا دیں کا

وہ جس کی شکست نام ہے ایک فتح مبیں کا

وہ ماہ مکمل تھا زمانے میں زمیں کا

وہ جس کی سواری بھی رسول عربی ہے

وہ فاطمہؑ کا لال حسینؑ ابن علیؑ ہے


وہ جس کی تلک تک ہے اسی تک کی تلک تک

حیوان سے انسان تلک حور و ملک تک

ان اپنی زمینوں سے تا فلکوں کے فلک تک

ہر شے کو خوشی ہے تو یہی ایک خوشی ہے

وہ فاطمہؑ کا لال حسینؑ ابن علیؑ ہے


جب پیش عدو ہوگئے تنہا میرے مولا

دشمن کی صفوں میں زرا گھوڑے کو دوڑایا

کہتے رہے آپس میں یہ سہمے ہوئے اعدا

جرأت تو علیؑ کی ہے عزم مصطفویؐ ہے

وہ فاطمہؑ کا لال حسینؑ ابن علیؑ ہے


کیا بات ہے اے خالق اکبر کا سپاہی

دشمن پہ چڑھا فاتح خیبر کا سپاہی

حیدر ہی لگا رن میں یہ حیدر کا سپاہی

اعدا نے کہا مل کے ارے یہ تو وہی ہے

وہ فاطمہؑ کا لال حسینؑ ابن علیؑ ہے


یہ دھوپ یہ صحرا یہ تمازت علی اصغرؑ

یہ بات یہ بیٹا یہ محبت علی اصغرؑ

یہ پیاس یہ دریا یہ عداوت علی اصغرؑ

جو پیاس بجھی بھی تو کہوں کیسے بجھی ہے

وہ فاطمہؑ کا لال حسینؑ ابن علیؑ ہے


ہم حق کے سپاہی ہیں سدا لڑتے رہیں گے

منزل کی طرف شوق سے ہم بڑھتے رہیں گے

کلمہ تو محمدﷺ کا ہی ہم پڑھتے رہیں گے

ہم جنگ لڑیں گے ہمیں نے جنگ لڑی ہے

وہ فاطمہؑ کا لال حسینؑ ابن علیؑ ہے


اتنی سے گزارش لیے حاضر ہے شہہ دیں

احسانؓ تیرے دین کا ہے شاعر رنگیں

آک تیری نظر اس کے لیے ہے بڑی تحسیں

ہے ناز یہی اس کو کہ وہ پنجتنی ہے

وہ فاطمہؑ کا لال حسینؑ ابن علیؑ ہے


احسان علی دانش

No comments:

Post a Comment