Wednesday, 12 July 2023

توپیں بھی چند ٹینک بھی کچھ ہمسفر لیے

 معرکۂ چھمب و جوڑیاں 

(رزمیہ کلام)


توپیں بھی چند، ٹینک بھی کچھ ہمسفر لیے

سامانِ جنگ اور بہت معتبر لیے

یعنی خدا کی تیغ، نبیﷺ کی سِپر لیے

باندھے کفن سروں سے، ہتھیلی پہ سر لیے

کہنے کو سو پچاس تھے، لیکن ہزار سے

لڑنے کو بڑھ رہے تھے یمین و یسار سے

سر پر لوائے پاک نشانِ ظفر لیے

سبز و سپید پرچم نجم و قمر لیے

یعنی دعائے حضرتِ خیرالبشرؐ لیے

یا تیرگئ شب میں چراغِ سفر لیے

سنگین آبدار کے پھل چومتے ہوئے

پہنچے نئی سحر کی طرح جھومتے ہوئے

ایسے یقیں نہ آئے تو پیرانِ خانقاہ

مع خرقہ و کلاہ و مریدانِ بارگاہ

اک دن ہمارے ساتھ چلو سوئے رزم گاہ

تم کو دکھائیں طرفہ تماشہ خدا گواہ

دیتے ہیں کیسے جان کٹاتے ہیں کیسے سر

پڑھتے ہوئے درود محمدﷺ کے نام پر 


رحمٰن کیانی

عبدالرحمٰن کیانی

No comments:

Post a Comment