Thursday 4 July 2024

رکی ہوئی موج ہے کہ تیراک رک گئے ہیں

 رکی ہوئی موج ہے کہ تیراک رک گئے ہیں

لہو کے طوفان زیرِ پوشاک رک گئے ہیں

تمام معروض میری آنکھوں میں گندھ گئے تھے

مگر اچانک شعور کے چاک رک گئے ہیں

یہ اونچے اونچے پہاڑ جیسے زمیں کے جوہر

بس ایک لمحے کو ہو کے بے باک رک گئے ہیں

وہ قہقہوں کا ہجوم تھا ہر طرف کہ آنسو

فقط تبسم کو کرکے نم ناک رک گئے ہیں

سو چاک پر خود ہی اب مجھے گھومنا پڑے گا

وہ ہاتھ تو گوندھ کر مری خاک رک گئے ہیں

یہ میرے ہاتھوں میں کہکشائیں کہاں سے آئیں

زمین اڑنے لگی کہ افلاک رک گئے ہیں

کہیں یہ لاٹھی ہمارا ہی ہاتھ ڈس نہ جائے

سو کرتے کرتے لہو کو چالاک رک گئے ہیں

انیم! تطہیرِ روح کی منزلوں کے راہی

بدن کی راہوں کو کر کے ناپاک رک گئے ہیں


ابو طالب انیم 

No comments:

Post a Comment