عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
حسینؑ آپ سے نسبت نے زندگی بخشی
کہ مجھ دِیے کو شبِ غم میں روشنی بخشی
خدا کا شکر کہ آنکھوں میں آج رِم جھم ہے
غم حسینؑ نے یوں مجھ کو سبزگی بخشی
لہو ملا کہ بنائی ہے خاک، خاکِ شفا
یونہی حسینؑ نے ذہنوں کو آگہی بخشی
سنا ہے پانی تو شرمندگی سے مر گیا تھا
کہ جب حسینؑ نے دریا کو تشنگی بخشی
بریدہ سر سے تلاوت کا معجزہ کر کے
مِرے حسینؑ نے قرآں کو زندگی بخشی
حسینؑ ابن علیؑ پر سلام ہو ابیض
کہ جس نے دینِ محمدؐ کو تازگی بخشی
عامر ابیض
No comments:
Post a Comment