Tuesday 2 July 2024

زبان و قلب کی عظمت درود پاک سے ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


زبان و قلب کی عظمت درود پاک سے ہے

ہر ایک غم میں حفاظت درود پاک سے ہے

دُعائیں ہوتی ہیں مقبول اس وسیلے سے

خُدا کی خاص عنایت درود پاک سے ہے

ازل کے دن سے مِرے مصطفیٰؐ کے چرچے ہیں

تمام دہر پہ رحمت درود پاکﷺ سے ہے

میں پڑھتا رہتا ہوں سرکارؐ پر درود شریف

کچھ ایسی خاص محبت درود پاک سے ہے

غمِ جہاں سے کبھی سابقہ نہیں پڑتا

مجھے تو ہر گھڑی راحت درود پاک سے ہے

بروز حشر وہ ہو گا نبیﷺ کی قربت میں

جہاں میں جس کو بھی اُلفت درود پاک سے ہے

حدیث پاک سے یہ بات ہو گئی ثابت

ہر ایک بزم کی زینت درود پاک سے ہے

نگاہ قلب سے کرتا ہے دید طیبہ کی

جس اُمتی کو بھی رغبت درود پاک سے ہے

میں نعت گوئی سے خود کو سنوار لیتا ہوں

مِرے کلام کی رفعت درود پاک سے ہے

خدا کے بعد محمدﷺ کا نام لیتے رہو

ہر ایک کام میں برکت درود پاک سے ہے

درود پاکﷺ ہی خاکی کا کل اثاثہ ہے

یہ ساری دولت و ثروت درود پاک سے ہے


عزیزالدین خاکی

No comments:

Post a Comment