Thursday, 16 April 2026

گھماؤ وقت کا جب ٹھیک کرنے آیا تھا

 گھماؤ وقت کا جب ٹھیک کرنے آیا تھا

میں ایک سائے پہ تحقیق کرنے آیا تھا

شعور ماپتا اک خواب میری وحشت سے

تمہارے ہجر کی تصدیق کرنے آیا تھا

بُرا بھلا نہ کہو! روشنی کے مُنکر کو

یہ کائنات کی توثیق کرنے آیا تھا

اسی لیے میں رہا ٭ماء و طین کے مابین

تمام رنگوں میں تفریق کرنے آیا تھا

نقوش باختہ دریا پہ نظم کیسے کہی؟

اگر وہ آئینہ تخلیق کرنے آیا تھا

میں اپنے جسم کی اول زباں سمجھتا ہوں

سو ان پرندوں سے تطبیق کرنے آیا تھا

پھر اُس کا سامنا فطرت کے فاصلے سے ہوا 

جو کُن کی ثقل کو نزدیک کرنے آیا تھا


عامر ابیض

٭ماء و طین: آب و گِل، پانی اور مٹی

No comments:

Post a Comment