Saturday, 7 November 2015

مہماں ہے خیال رخ جانانہ کسی کا

مہماں ہے خیالِ رخِ جانانہ کسی کا
ہے منزلِ خورشید، سِیہ خانہ کسی کا
نِبھتا نہیں اس شوخ سے یارانہ کسی کا
سچ تو یہ ہے وہ دوست ہمارا نہ کسی کا
بیجا ہے کم و بیش کی ساقی سے شکایت
مے اتنی ہی دی، جتنا تھا پیمانہ کسی کا
بے مانگے پلائی ہمیں اور خوب پلائی
تا حشر سلامت رہے مئے خانہ کسی کا
اس طرح وہ سنتے ہیں مِرے غم کی کہانی
کہتے ہیں سناؤ ہمیں افسانہ کسی کا
للہ اب اے مرشدِ مئے خانہ! خبر لے
مستی میں چھلکنے کو ہے پیمانہ کسی کا
تدبیر میں گو جنبشِ دامانِ سحر ہے
آتا ہی نہیں ہوش میں مستانہ کسی کا
دیوانہ جو سمجھے اسے دیوانہ ہے بیدمؔ
ہشیار سے ہشیار ہے دیوانہ کسی کا

بیدم شاہ وارثی

No comments:

Post a Comment