Friday, 16 December 2016

معصوم بستیوں کو سمندر نگل گیا

معصوم بستیوں کو سمندر نِگل گیا
سیلاب کا بھی زور غریبوں پہ چل گیا
پانی نے ہر مکان کو ہموار کر دیا
اک رات میں حویلی کا نقشہ بدل گیا
دریا بہا کے لے گیا گڑیا کا کل جہیز
افسوس بے بسی کے سمندر میں ڈھل گیا
چاول، اناج، دالیں، مربے، اچار، گڑ
اک سال کا تھا رزق جو پانی میں گھل گیا
کینو، کجھور، موسمی، امرود، آم، سیب
پھل صبر کا ہی رہ گیا، باقی تو پھل گیا 
مٹی کے کچھ کھلونے بھی مٹی میں مل گئے 
ممتا کی آرزو کا جنازہ نکل گیا 
کچے گھروں کی سمت بہاؤ کو موڑ کر 
صد شکر شہر ڈوبنے کا خطرہ تو ٹل گیا 
پرکھوں کی آج ہم کو بہت یاد آئی قیسؔ 
جن کی لحد بھی پانی کا ریلا نِگل گیا 

شہزاد قیس

No comments:

Post a Comment