Tuesday, 14 July 2020

دل سے فشار درد سوئے سر بھی آئے گا

دل سے فشارِ درد سُوئے سر بھی آئے گا
تہہ میں بھنور بنا ہے تو اوپر بھی آئے گا
بینائی" لوٹ آئی ہے تو "صبر" کیجیۓ"
بے منظری کی دھند میں منظر بھی آئے گا
سرحد کے اس طرف نہ سہی اس طرف سہی
چلتے رہو ضرور کہیں "گھر" بھی آئے گا
رکھ سائباں کے ساتھ سفر میں سفینہ بھی
یہ دشت وہ ہے جس میں سمندر بھی آئے گا
پردے میں دیر تک نہیں رہتا سفر پسند
اندر لگا ہے "زخم" تو باہر بھی آئے گا
تنہا" نہ جانیۓ مجھے اس "رزم گاہ" میں"
میں آ گیا ہوں تو مِرا لشکر بھی آئے گا
میں شہرِ نَو میں آتے ہوئے خوش تو ہوں مگر
اک خوف سا ہے ساتھ مقدر بھی آئے گا
سوچا نہ تھا کہ مجھ سا کوئی اس طرف بھی ہے
سوچا نہ تھا کہ تیر پلٹ کر بھی آئے گا
شاہد برس رہی ہے اگر بادلوں سے آگ
چشمہ کوئی چٹان سے باہر بھی آئے گا

شاہد ذکی

No comments:

Post a Comment