Monday, 14 December 2020

تیرے ہلکے سے تبسم کا اشارا بھی تو ہو

 تیرے ہلکے سے تبسم کا اشارا بھی تو ہو

تا سرِ دار پہنچنے کا سہارا بھی تو ہو

شکوہ و طنز سے بھی کام نکل جاتے ہیں

غیرت عشق کو لیکن یہ گوارا بھی تو ہو

میکشوں میں نہ سہی تشنہ لبوں میں ہی سہی

کوئی گوشہ تری محفل میں ہمارا بھی تو ہو

کس طرف موڑ دیں ٹوٹی ہوئی کشتی اپنی

ایسے طوفاں میں کہیں کوئی کنارا بھی تو ہو

ہے غم عشق میں اک لذت جاوید مگر

اس غم دہر سے اے دل کوئی چارا بھی تو ہو

مے کدے بھر پہ ترا حق ہے مگر پیر مغاں

اک کسی چیز پہ رندوں کا اجارا بھی تو ہو

اشک خونیں سے جو سینچے تھے بیاباں ہم نے

ان میں اب لالہ و نسریں کا نظارا بھی تو ہو

جام ابل پڑتے ہیں مے لٹتی ہے خم ٹوٹتے ہیں

نگہِ ناز کا درپردہ اشارا بھی تو ہو

پی تو لوں آنکھوں میں امڈے ہوئے آنسو لیکن

دل پہ قابو بھی تو ہو ضبط کا یارا بھی تو ہو

آپ اس وادئ ویراں میں کہاں آ پہنچے

میں گنہ گار مگر میں نے پکارا بھی تو ہو


علی جواد زیدی

No comments:

Post a Comment