Saturday, 5 December 2020

نامردی کے جوتے

 نامردی کے جوتے


زندگی نام کی فاحشہ کے منہ کو خون لگا ہے

یہ بھینٹ چاہتی ہے

ایک کنواری کنہیا کی بھینٹ

یہ ہی تو صدیوں کی رِیت ہے

قحط پڑا ہے

اناج کے دیوتا کی آنکھیں لال ہیں

بارش کا دیوتا روٹھ گیا ہے

باڑھ نے تباہی پھیلائی ہے

دریا اتر نہیں رہا ہے

سورج دیوتا قہر ڈھا رہا ہے

سارے دیوتا ناراض ہیں

اور

سب کنواریوں کی بھینٹ چاہتے ہیں

وقت کیلنڈر کے پنے تیزی سے الٹنے لگا

انسان نے درزی سے

دیوتا کا لباس سِلا کے پہنا

اور قمیض میں کنوار پن کی جیبیں رکھوائیں

اور

اب بستر کی شکنوں میں

کنوار پن کا خون نہیں

تو

کنہیا انسان نہیں

جُوٹھا برتن ہے

اسے ایک چھناکے سے توڑ دو

مرد، مرد ہے یا نا مرد ہے

مگر

دیوار پہ چڑھا قبیلہ

خون بھری سفید چادر دیکھنا چاہتا ہے

اور

وہ نامردی کے جوتے پہنے

ساری رات ٹہلتا رہا

کہ

عزت کو بھینٹ کی طلب ہے

صبح کا سورج

گولیوں کی تڑتڑاہٹ کی گونج میں طلوع ہوا

بے زبان جانور نے لال کفن پہنا

زندگی نام کی فاحشہ کے چہرے پر

اب آسودگی بھری مسکراہٹ ہے


غزالہ محسن رضوی

No comments:

Post a Comment