Sunday, 6 June 2021

کوئی ہمراہ نہیں راہ کی مشکل کے سوا

 کوئی ہمراہ نہیں راہ کی مشکل کے سوا

حاصلِ عمر بھی کیا ہے غمِ حاصل کے سوا

ایک سناٹا مسلط تھا گزر گاہوں پر

زندگی تھی بھی کہاں کوچۂ قاتل کے سوا

ہر قدم حادثے، ہر گام مراحل تھے یہاں

اپنے قدموں میں ہر اک شے رہی منزل کے سوا

تھا مثالی جو زمانے میں سمندر کا سکوت

کون طوفان اُٹھاتا رہا ساحل کے سوا

اپنے مرکز سے ہر اک چیز گریزاں نکلی

لیلیٰ ہر بزم میں تھی خلوتِ محمل کے سوا

اپنی راہوں میں تو خود بوئے ہیں کانٹے اس نے

دشمنِ دل کہ نہیں اور کوئی دل کے سوا

اپنی تقدیر تھا بربادِ محبت ہونا

محفلیں اور بھی تھیں آپ کی محفل کے سوا


غنی اعجاز

No comments:

Post a Comment