Friday, 11 June 2021

اتنا کرم تو یا شہ ابرار آپ کا رہے

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


اتنا کرم تو یا شہ ابرار آپﷺ کا رہے

میری جبین شوق ہو دربار آپ کا رہے

اس سے زیادہ قیمتی دونوں جہاں میں کچھ نہیں

دامن ہمارے ہاتھ میں سرکار آپ کا رہے

مانا گنہ گار ہیں جنت میں پھر بھی جائیں گے

دوزخ میں کون جائے جب انکار آپ کا رہے

بھٹکے ہووں کو آپ نے دِکھلا دی راہِ مستقیم

احسان مند کیوں نہ پھر سنسار آپ کا رہے

دل چاہے درد آپ کا، لب چاہیں ذکر آپ کا

آنکھیں یہ چاہتی ہیں کہ دیدار آپ کا رہے

یوسف کے بعد میں بکے مجھ سا سیاہ بخت بھی

روزِ حساب تک کھُلا بازار آپ کا رہے

دیکھو بُلاوہ آئے گا طیبہ سے آج کل میں ہی

زادِ سفر اسد میاں! تیار آپ کا رہے


اسد اجمیری

No comments:

Post a Comment