Saturday, 12 June 2021

ہر ایک گام پہ سجدہ یہاں روا ہو گا

 ہر ایک گام پہ سجدہ یہاں روا ہو گا

خودی کا دور ہے ہر شخص اب خدا ہو گا

بنامِ فصلِ بہاراں خزاں کی پُوجا ہے

یہی مذاقِ گلستاں رہا تو کیا ہو گا

دُھواں سا اُٹھنے لگا دل سے اہلِ محفل میں

نیا چراغ کوئی بزم میں جلا ہو گا

تمہارے شہر میں آئے ہیں اہلِ غربت پھر

اس آس پر کہ کوئی درد آشنا ہو گا

جرس ہے ان کا صدا ان کی کارواں ان کے

سوائے گردِ سفر میرے پاس کیا ہو گا

کبھی نہ عہدِ جنوں میں کسی نے سوچا تھا

خِرد کا دور بہت صبر آزما ہو گا

نسیم ہم سے ہے زندہ جہاں میں نامِ وفا

ہمارے بعد زمانہ بدل چکا ہو گا


وحیدہ نسیم

No comments:

Post a Comment