Monday, 7 June 2021

وقت کل بھی ہو مہرباں نہ سمجھ

 وقت کل بھی ہو مہرباں نہ سمجھ

یہ ملاقات رائیگاں نہ سمجھ

ذہن میں رکھ بلندیوں کو، مگر

دیکھ تُو خود کو آسماں نہ سمجھ

اس کے آنچل کو بادبان نہ جان

اس کی بانہوں کو کشتیاں نہ سمجھ

دوستا! دیکھ، میرا چہرہ دیکھ

دوستا! دُھند کو دھواں نہ سمجھ

میں بہت ہی فضول آدمی ہوں

تُو مجھے اپنے درمیاں نہ سمجھ

ان ہواؤں کا اعتبار نہ کر

ہم چراغوں کو بے اماں نہ سمجھ

باغ میں لڑکیاں بھی ہوتی ہیں

اُڑتے رنگوں کو تتلیاں نہ سمجھ

میرا کردار اس کہانی میں

اک حقیقت ہے داستاں نہ سمجھ

خود سے آگے گزر کے دیکھ مجھے

میں جہاں ہوں مجھے وہاں نہ سمجھ


بہنام احمد

No comments:

Post a Comment