Thursday, 17 June 2021

چین گھر میں نہیں بازار سے ڈر لگتا ہے

 چین گھر میں نہیں بازار سے ڈر لگتا ہے

خبریں ایسی ہیں کہ اخبار سے ڈر لگتا ہے

دِین بِکتا ہے تو دِیندار سے ڈر سے لگتا ہے

اب ہمیں جبہ و دستار سے ڈر لگتا ہے

آپ کے قول سنہرے سبھی سر آنکھوں پر

کیا کروں آپ کے کردار سے ڈر لگتا ہے

سر جھکاتا ہوں تو ہر سانس سے گھِن آتی ہے

سر اٹھاتا ہوں تو دستار سے ڈر لگتا ہے

اپنے بالوں کی سفیدی پہ سہم جاتا ہوں

زندگی اب تِری رفتار سے ڈر لگتا ہے

کچھ تو یہ ہے کہ زر و سیم کی حاجت بھی نہیں

اور کچھ سِکوں کی جھنکار سے ڈر لگتا ہے

رہبری دار کی رفعت پہ نظر رکھتی ہے

کیسے رہبر ہو تمہیں دار سے ڈر لگتا ہے

جب تِری تلخئ گفتار مزا دیتی تھی

اب تِری شوخئ گفتار سے ڈر لگتا ہے

وقتِ شبخوں ہمیں دشمن کا کوئی خوف نہیں

ہاں مگر اپنے ہی غدار سے ڈر لگتا ہے

جیت جاتا ہوں تو تسکین نہیں ہوتی ہے

ہار جاتا ہوں تو پھر ہار سے ڈر لگتا ہے


ظہیر اقبال

No comments:

Post a Comment