Sunday, 20 June 2021

ابھی موجود تھی لیکن ابھی گم ہو گئی ہے

 ابھی موجود تھی لیکن ابھی گم ہو گئی ہے

نجانے کس جہاں میں زندگی گم ہو گئی ہے

مِرے ہمراہ کیوں وہ شخص چلنا چاہتا ہے

سفر کے جوش میں کیا آگہی گم ہو گئی ہے

سبھی خوش ہیں کہ سارے گمشدہ پھر مل گئے ہیں

مجھے غم ہے کہ اب تیری کمی گم ہو گئی ہے

مِرے ہونٹوں کو دریا نے کیا سیراب، لیکن

حیات افروز دل کی تشنگی گم ہو گئی ہے

میں اس سے مدتوں کے بعد دوبارہ دوبارہ ملا ہوں

خوشی تو ہے، مگر وارفتگی گم ہو گئی ہے

یہ کن تشنہ لبوں کی فوج گزری ہے ادھر سے

کہیں کچھ کم کہیں پوری ندی گم ہو گئی ہے

ہمیشہ جو مجھے اذنِ سخن دیتی رہی تھی

ہجومِ شور میں وہ خامشی گم ہو گئی ہے

میں اس کی یاد سے بس ایک پل کو گم ہوا تھا

مگر لگتا ہے جیسے اک صدی گم ہو گئی ہے

بطور‌ِ رسم ہی کارِ جنوں باقی ہے مجھ میں

وگرنہ دشت سے وابستگی گم ہو گئی ہے

سلیم اس میں زیادہ فرق تو اب بھی نہیں ہے

بس اتنا ہے کہ تھوڑی سادگی گم ہو گئی ہے


سلیم فراز

No comments:

Post a Comment